نیپال میں سرمایہ دارانہ بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کی بغاوت: نظام کے خلاف کیسے لڑا جائے
تحریر:جاکلین کیتھرینا سنگھ،ترجمہ۔عرفان خان
سنگھ دربار جہاں نیپالی حکومت کے دفاتر ہیں آگ کی لپیٹ میں تھےاور یہ مناظر دنیا بھر کے سامنے ہیں۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل مظاہرین نیپالی کانگریس پارٹی کے چیئرمین اوران کی اہلیہ (قائم مقام وزیرِ خارجہ) کو گھیر کر مار رہے ہیں جب کہ بیریکیڈز پر جولی راجر کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ انڈونیشیا میں ہونے والے بڑے عوامی احتجاج کے بعد اب نیپال میں بھی عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
مغربی میڈیا ان واقعات کو ’’جنریشن زی کا سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف غصہ‘‘ قرار دے رہا ہے لیکن حقیقت میں یہ اس نظام کے بحران کے خلاف احتجاج ہے ۔ سرکاری عمارتوں اور امراء کے گھروں کو آگ لگانے والے نوجوان دراصل پورے بدعنوان اور ناانصافی پر مبنی نظام کے خلاف ہیں۔ اب سوال یہ ہے یہ تحریک کس طرح کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے؟ اس سے پہلے ضروری ہے کہ ہم اس بغاوت کی وجوہ...









