ٹرمپ، پاکستان اور نیا عہد
امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے حکمران دانتوں میں انگلیاں دبائے امریکہ میں آئے اس سیاسی زلزلے کو دیکھ رہے ہیں اوراس کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ واضح ہو چکا ہے کہ امریکی سماج تبدیل ہو چکا ہے اور عالمی تعلقات بھی ایک نئے عہد میں داخل ہو چکے ہیں۔ ٹرمپ کی کامیابی جہاں امریکی اسٹیبلشمنٹ کی شکست ہے وہاں دنیا بھر کے حکمران طبقات کے لیے ایک معمہ بھی ہے اور وہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ٹرمپ کی پالیسیوں کے اثرات ان کے خطے اور ملک پر کس طرح مرتب ہوں گے اور وہ کیسے ان کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے واضح کر دیا ہے کہ اس کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نقطہ چین کے سامراجی ابھار کو روکنا اور عالمی تعلقات میں اس کے کردار کو ختم کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے وہ یوکرائن جنگ کا خاتمہ کرتے ہوئے روس کے ساتھ تعلقات بحال کرنا چاہ...