ٹرمپ ازم کیا ہے؟ – RCP | انقلابی کمیونسٹ پارٹی
|تحریر: برائس گورڈن، ترجمہ: ولید خان|
امریکیوں کو یہ سننے کی عادت پڑ چکی ہے کہ ہر انتخاب ”ہماری زندگیوں کا اہم ترین (انتخاب) ہے“۔ اس سال دونوں امیدواروں نے ایک قدم آگے بڑھ کر یہ بحث عام کر دی ہے کہ یہ انتخابات امریکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں۔ ”ٹرمپ کی حمایت یا مخالفت؟!“۔ دونوں بڑی پارٹیوں کی جانب سے اس سوال کو بقاء کا سوال بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ لیکن ٹرمپ ازم کیا ہے؟ اس سوال پر بہت زیادہ ابہام موجود ہے۔ اس بیماری کی درست تشخیص کیے بغیر یہ سمجھنا ناممکن ہے کہ امریکی سماج کی سمت کیا ہے۔
انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں
عدم استحکام کا عہد
ایک صدی سے زیادہ عرصہ تک امریکی حکمران طبقے نے حیران کن سیاسی استحکام کے مزے لوٹے ہیں۔ لیکن صورتحال 2016ء میں تبدیل ہونی شروع ہو گئی جب عام انتخابات میں دہائیوں سے جاری معاشی گراوٹ اور طبقاتی غم و غصہ پھٹ کر سطح پر نمودار ہو گئ...