آئ ایم ایف پالیسیوں” لیبر قومی موومنٹ”

مہنگائ بےروزگاری نجکاری
نیولبرلزم کے خلاف اینٹی نیولبرلزم کمیشن بنانے کی محنت کشوں میں کمپئین کرے گی اور جلد تحریک کا آغاز کرے گی۔
نیولبرلزم کا مطلب سرمائے کو بے لگام آزادی دینا ہے۔ یعنی ریاست کے کنٹرول سے سرمائے کو آزاد کرنا ہے اور سرمایہ داری کی مارکیٹ کے رحم و کرم پر عوام کو چھوڑ دینا ہے۔ آئ ایم ایف ورلڈ بینک اور دیگر سامراجی ادارے نیولبرلزم کے ادارے ہیں۔ پاکستان کا حکمران طبقہ کلی طور پر سامراجی اداروں کا گماشتہ ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی مذہبی پارٹیز نیولبرل ایجنڈوں کو نافذ کرنے کی آلہ کار ہیں۔ این جی اوز اور ملائیت کی تنظیموں کا کام طبقاتی شعور کو مسخ کرتے ہوئے محنت کش طبقے سے مزاحمت کے عنصر کو ختم کرنا ہے۔ اس لئے لیبر قومی موومنٹ پاکستان پاکستان کے محنت کش طبقہ کو منظم کرنے اور مزاحمتی تحریک بڑھانے کے لئے اینٹی نیولبرلزم کمیشن کا پارٹی ادارہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے جس کا آغاز 9 مارچ 2024 کو فیصل آباد میں مہنگائی بےروزگاری نجکاری مردہ باد احتجاج سے شروع ہو کر مئ کے تیسرے ہفتے میں اسلام آباد میں آئ ایم ایف پالیسیاں نامنظور جلسہ کرنا ہو گا۔
محنت کش ساتھیو لیبر قومی موومنٹ پاکستان سمجھتی ہے کہ نیولبرلزم پاکستان کی 25 کروڑ عوام پر حملہ ہے۔ یہ وہ معاشی حملہ ہے جو ہمارا بالادست طبقہ فوجی اسٹیبلشمنٹ اور اشرافیہ ہمارا خون نچوڑنے کے لئے کرتی ہیں۔ یعنی ریاست ادارے اور کارپوریشنز سرمایہ داروں کو بیچ دے، سرکاری ادارے پرائیویٹ ہو جائیں، سرکاری ہسپتال ختم کر دئیے جائیں اس لئے دانش سکولز این جی اوز کے سکول پروموٹ کیے جا رہے ہیں اور صحت کارڈز کے نام پر فری علاج کا ڈھگوسلہ کر کے سرکاری علاج کی سہولیات سے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے، پی آئ اے، واپڈا، ریلوے، سٹیل مل، ڈاک ، یوٹیلیٹی، گیس ، میونسپل، واسا اور دیگر ادارے اور سرکاری کارپوریشنز پرائیویٹ کر دی جائیں۔
اس کے علاوہ سرمایہ داروں کو کھلی لوٹ اور استحصال جاری رکھنے کے لئے مزدور دشمن لیبر پالیسیاں متعارف کی جا رہی ہیں جن میں پیس ریٹ، ٹھیکیداری، ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ سسٹم ہے۔ یعنی سوشل سیکیورٹی پینشنز ڈیتھ گرانٹس ہاوسنگ میڈیکل پینشن اور دیگر حاصل شدہ مراعات ختم کر کے سرمایہ دار کے منافع میں اضافہ کیا جائے۔
کسانوں کو حاصل سبسڈی ختم کر کے مارکیٹ کے رحم و کرم پر بجلی کھاد ادویات اور آڑھتی بنیاد قیمتوں کے تعین سے کسان فصل اگانا ہی ختم کر رہا ہے۔ ان پالیسیوں کے اطلاق سے ایک طرف خوراک کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عام انسان سے روٹی چھینی جاتی ہے اور اس کی ساری محنت دو وقت کی روٹی پورا کرنے کے لئے سستی اجرت میں خریدی جاتی ہے۔ نیولبرل پالیسیاں مارکیٹ میں مقابلہ پیدا کرتی ہیں کہ کم سے کم قیمت پر محنت کون بیچے گا، جب اس کی محنت پاکستان میں بھی نہیں بکتی تو اسے بیچنے دیار غار بیچتا ہے اور اب دنیا کے تمام ممالک کا استحصالی طبقہ اس کوشش میں ہے کہ اسے زیادہ سے زیادہ منافع کے لئے کم سے کم تنخواہ پر محنت کار دستیاب ہو اور ایسا محنت کار جسے تنخواہ کے بدلے میں رہائش میڈیکل پینشن الاونسز مراعات اور دیگر کی سردردی بھی نہ ہو۔ رہائش کی ضرورت کے مقابلہ نے گھروں کے کرائے اور اپنا گھر کے خواب نے زمین کے دام اس قدر بڑھا دئیے کہ بے ہنگم کنسٹرکشن کی جارہی ہے جو ماحول اور انسانی جانوں کے لئے خطرناک بن رہی ہے
محنت کش ساتھیو۔ لیبر قومی موومنٹ پاکستان کے محنت کش طبقہ کی آواز ہے اور سمجھتی ہے کہ نیولبرلزم آئ ایم ایف کی پالیسیوں نے ملک دیوالیہ کر دیا ہے اور ان 40 سالہ پالیسیوں کے نتیجہ میں مہنگائی بےروزگاری اور معاشی بدحالی نے عوام کو مشکل دوراہے پر کھڑا کر دیا ہے۔ عوام مہنگی بجلی خرید کر کے بجلی گھروں کے چند سرمایہ داروں کو کھربوں کا منافع کیوں دے، عوام بے تحاشہ بیجا ٹیکس دے دے کر خود کنگال ہو رہی ہے ، مہنگائ اور بے روزگاری کی وجہ سے نفسیاتی اور طبی مسائل بڑھ چکے ہیں۔ نجکاری کے حملے مزید بےروزگاری بڑھا رہے ہیں اور ریاست صحت تعلیم روزگار خوراک ٹرانسپورٹ اور خدمات عامہ سے انحراف کر کے چند خاندانوں اور بیرونی طاقتوں اور اداروں ملٹی نیشنل کمپنیز کی مافیا بن چکی ہے صرف لوٹ گھسوٹ جاری ہے۔ ایک طرف امیر سے امیر تر کے لئے جنت اور غریب سے غریب تر کی جہنم بن رہی ہے، بدعنوانی ضمیر فروشی قبضہ گیری حق تلفی استحصال لوٹ مار ناجائز منافع خوری انتہاپسندی دہشت گردی جیسی وباوں کے زریع حکمران طبقہ صرف اپنی دولت میں اضافہ کر رہا ہے۔
نوجوان بےروزگاری سے متاثر نفسیاتی مریض بن کر نشے اور چوریوں ڈکیتیوں کی طرف نہیں بڑھیں گے! تعلیم اور صحت جیسی بنیادی ضروریات چھین کر کیا غریب عوام کی پہنچ میں پرائیویٹ تعلیم اور علاج ہو گا، ہر گز نہیں تو آئیں
مفت تعلیم ہر شہری کے لئے
روزگار کی ضمانت ہر مرد عورت کے لئے
مفت علاج ہر شہری کے لئے
انصاف فوری اور سستا ہر شہری کو
رہائش کا تحفظ ہر شہری کے لئے
مہنگائ بےروزگاری نجکاری جیسی نیو لبرل پالیسیوں کے خلاف مل کر ایک مزاحمتی تحریک بنائیں۔ جس کے لئے لاکھوں محنت کشوں کو مئ میں ایک دن اسلام آباد جمع کر کے حکمران طبقہ کو وارننگ کریں۔
لیبر قومی موومنٹ کی اینٹی نیولبرلزم کمپئین کا حصہ بنیں۔

By Mudasar Mehboob.

Loading